۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
انفاق

حوزہ/حضرت امام زین العابدین علیہ السلام نے اپنے آبائے طاہرین کی طرح ہمیشہ راہ خدا میں انفاق فرمایا، انسانیت کی آپ اس طرح مدد فرماتے کہ امداد پانے والوں کو یہ خبر بھی نہیں ہوتی کہ انکا محسن و مسیحا کون ہے؟۔

حوزہ نیوز ایجنسی| ہمارے مولا و آقا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام نے اپنے آبائے طاہرین کی طرح ہمیشہ راہ خدا میں انفاق فرمایا، انسانیت کی آپ اس طرح مدد فرماتے کہ امداد پانے والوں کو یہ خبر بھی نہیں ہوتی کہ انکا محسن و مسیحا کون ہے؟ آپ کی شہادت کے سبب جب امداد کا سلسلہ منقطع ہوتا تو انہیں پتہ چلتا کہ جو انکی مدد کرتے تھے وہ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام تھے۔ جس طرح آپ کے اعضاے سجدہ پر سجدوں کے نشان تھے اسی طرح آپ کی پشت مبارک پر غرباء و مساکین کی امداد کے بھی نشان تھے۔ آپ نے اپنے عمل سے رہتی دنیا تک بتا دیا کہ انسان کی سعادت صرف حقوق الہی کی ادائگی میں نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بندگان خدا کے بھی حقوق ادا کرنا ضروری ہے، 
روایات میں ہے کہ آپ کے دسترخوان پر ہمیشہ ایتام و مساکین حاضر رہتے تھے اور آپ خود اپنے دست مبارک سے پہلے انکو کھانا دیتے نیز انکے اہل و عیال کو بھیجتے تب خود نوش فرماتے، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ آپ نے کوی غذا نوش فرمای ہو اور نوش فرمانے سے پہلے اس میں سے صدقہ نہ دیا ہو۔ 
آپ کا دستور تھا کہ آپ محتاجوں سے خندہ پیشانی سے ملتے اور انکا شکریہ ادا کرتے تھے کیوں کہ آپ معتقد تھے کہ سفر آخرت کے لئے زاد راہ انہیں کی مدد سے فراہم ہو گی۔ 
آپ اکثر محتاجوں کو صدقہ دینے سے پہلے اسے چومتے تھے۔ جب آپ کے اصحاب نے اس کا سبب پوچھا تو آپ نے فرمایا: میں صدقہ کو نہیں چومتا بلکہ دست خدا کا بوسہ لیتا ہوں کیوں  کہ صدقہ اس سے پہلے کہ محتاج کے ہاتھ میں جاے خدا کے ہاتھ میں جاتا ہے۔ 
حوالہ
بحارالانوار، ج 46، ص62، حدیث 23 به نقل از خصال - ص 98 حدیث 86 به نقل از کشف الغمه و ص 74 حدیث 64 به نقل از امالی ابن الشیخ و ص 89 به نقل از مناقب۔

تحریر: سید علی ھاشم عابدی

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .